ریاست راجستھان اردو اساتذہ تنظیم اور راجستھان مدرسہ پیرا ٹیچر تنظیم کے اراکین و ممبران ان دنوں حکومت راجستھان سے ناراض ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ تنظیم کی جانب سے جے پور کے ضلع کلکٹریٹ پر غیر معینہ دھرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، یہ اعلان راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوٹ سے ملاقات کی اجازت نہیں دیئے جانے کی وجہ سے کیا گیا ہے، راجستھان اردو اساتذہ تنظیم کے ذمہ داران کی جانب سے اس بات کا اعلان کردیا گیا ہے کہ جب تک وزیراعلیٰ سے ہماری ملاقات نہیں ہوجاتی تب تک ہم یہاں سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔
اردو اساتذہ تنظیم کے ریاستی صدر امین قائم خانی کا کہنا ہے کہ آج دوپہر کو ہم لوگ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوٹ سے ملاقات کرنے کے لیے گئے تھے لیکن ہم لوگوں سے اشوک گہلوٹ نے ملاقات نہیں کی، ہمارے جو مطالبات ہیں ان کا راست تعلق وزیر اعلیٰ سے ہے، اس لیے ہم اعلیٰ افسران میں کسی سے بھی بات نہیں کریں گے، امین قائم خانی کا کہنا ہے کہ ہم راجستھان کے وزیر تعلیم گووند سنگھ ڈوٹاسرا اور اقلیتی وزیر صالح محمد کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں، ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ورغلانے کا کام ہم لوگ نہیں بلکہ حکومت کے ذمہ داران کر رہے ہیں۔