ریاست راجستھان کے چورو ضلع ہیڈ کوارٹر سے تقریبا 6 کلومیٹرکی دوری پر واقع گھنٹیل گاؤں میں ایک پیر بابا کا مزار ہے، جہاں قومی اتحاد اور بھائی چارے کی مثال دیکھنے کو ملتی ہے، جس کا ہر کوئی قائل ہے اس گاؤں کی آبادی تقریبا 6 ہزار افراد پر مشتمل ہے، جس میں ایک بھی مسلم باشندہ نہیں ہے یہاں کی گنگا جمنی تہذیب کو گاؤں کے ہندو خاندانوں نے بچا کر رکھا ہے۔
اس گاؤں میں مذہب سے زیادہ ، روایت کو نسل در نسل منتقل کیا جارہا ہے ، جو وراثت میں ملی ہے اس گاؤں کے لوگوں کو پیر بابا پر گہرا اعتماد ہے جو تمام مذاہب کو امن کا پیغام دیتے ہیں۔
پیر بابا کے مزار پر جہاں ہندو نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہیں تو وہیں مسلمان چادر پوشی کرتے ہیں، جبکہ سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس درگاہ کا مجاور ہندو ہے اس درگاہ پر ہر جمعہ کو ایک چھوٹا سا میلہ بھی لگایا جاتا ہے۔