سلمان خان کی جانب سے راجستھان ہائی کورٹ میں پیش کی گئی ٹرانسفر پٹیشن کی سماعت بدھ کے روز جسٹس ڈاکٹر پشپندر سنگھ بھاٹی کی بنچ میں ہونے والی تھی تاہم وقت کی قلت کی وجہ سے ایسا نہیں ہوسکا۔ٹرائل کورٹ میں داخل کی گئی تینوں اپیلوں پر سماعت فی الحال ہائی کورٹ کے عبوری روک کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے۔
سلمان خان کی جانب سے ٹرانسفر پٹیشن کے لیے پیش ہوئے ایڈوکیٹ ہستیمل سارسوت نے بتایا کہ سلمان خان کے کالے ہرن شکار معاملے میں تین اپیل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ، جودھپور میں زیر التوا ہیں، جو ایک ہی کیس سے متعلق ہیں۔ ایک اپیل شکایت کنندہ پونم چند نے بری کیے گئے سیف علی خان اور دیگر کے خلاف پیش کی ہے۔
وہیں دوسری اپیل ریاستی حکومت کی جانب سے سلمان خان کو غیر قانونی اسلحہ کے معاملے میں بری کیے جانے کے خلاف پیش کی گئی ہے، جبکہ تیسری اپیل کالے ہرن شکار کیس میں پانچ سال کی سزا کے خلاف سلمان خان کی جانب سے پیش کی گئی ہے۔ راجستھان ہائی کورٹ میں اداکار سیف علی خان ، نیلم ، تبو ، سونالی بیندرے اور دشینت سنگھ کے خلاف پہلے سے ہی ریاستی حکومت کی جانب ایک اپیل پیش کی گئی تھی۔