اجمیر: ریاست راجستھان کے اجمیر شہر میں عالمی شہرت یافتہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے 811 عرس مبارک کی پرچم کشائی کی رسم آج درگاہ شریف کے بلند دروازہ پر ادا کی جائے گی۔ اس سلسلے میں بھیلواڑہ سے غوری خاندان رسم پرچم کشائی کے لیے اجمیر پہنچ گیا ہے۔ اجمیر درگاہ کمیٹی اور پولیس انتظامیہ نے پرچم کشائی کی رسم کے لیے معقول انتظامات کیے ہیں۔ سنہ 1944 سے خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کے عرس مبارک کی پرچم کشائی کی رسم بلند دروازے پر ادا کی جارہی ہے جو گزشتہ کئی سالوں سے فخر الدین غوری اپنے اہل خانہ اور رشتہ داروں کے ساتھ اس رسم کو ادا کر رہے ہیں۔
پرچم کشائی کی رسم بروز بدھ 18 جنوری شام بعد نماز عصر بلند دروازہ پر ادا کی جائے گی۔ خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کے 811 عرس مبارک کی پرچم کشائی میں شرکت کے لیے ملک بھر سے کثیر تعداد میں زائرین اجمیر شریف پہنچ رہے ہیں۔ فخرالدین گوری نے بتایا کہ انہیں پورا سال اس پرچم کشائی کی رسم ادائیگی کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔ خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کے 811 ویں عرس سے قبل پرچم کشائی کی رسم کی ادائیگی کے وقت پولیس کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں اس علاوہ پولیس اہلکار سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے پرچم کشائی کی تقریب پر نظر رکھیں گے۔