بھیلواڑہ: ریاست راجستھان کے بھیلواڑہ کے بدھلہ چوراہے پر شرپسندوں کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں ایک شخص کی موت ہوگئی، جب کہ دوسرا ہسپتال میں اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں مسلم نوجوان بھائی ہیں، جو موٹر سائیکل سے ہرنی مہادیو علاقہ کی طرف جارہے تھے۔ جہاں 4 شرپسندوں نے ابراہیم پٹھان اور قمرالدین ٹونی کو گھیر لیا اور ان پر فائرنگ کر دی جس میں ابراہیم کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ اس کا بھائی ٹونی شدید زخمی ہوا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، زخمی ٹونی کو ہسپتال پہنچایا اور 48 گھنٹے کے لیے انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا۔ اس معاملے میں چاروں شرپسندوں کا تعلق ہندتوا تنظیموں سے بتایا جا رہا ہے۔ اس واقعہ کو بھیلواڑہ کے آدرش تاپاڈیا قتل کیس کا بدلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس نے بھی اسے انتقامی قتل قرار دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پولیس انتہائی احتیاط برت رہی ہے تاکہ شہر میں سماجی ہم آہنگی خراب نہ ہو۔ Firing On 2 Muslim Youth in Bhilwara
بھیلواڑہ شہر کا ماحول خراب نہ ہونے کے لیے محکمہ پولیس نے بھی سخت سکیورٹی تعینات کر دی ہے اور عام لوگوں سے امن کی اپیل کی جا رہی ہے۔ اس وقت 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود قاتل پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔ تاہم پولیس نے کچھ مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ بھلواڑہ میں دو نوجوانوں پر فائرنگ کے سلسلے میں پولیس نے بڑا انکشاف کیا ہے۔ آئی جی روپیندر سنگھ نے اسے انتقامی قتل قرار دیا ہے۔ یہ تار آدرش تاپاڈیا قتل کیس سے جڑے ہوئے ہیں۔ تاپاڈیا پر چھ ماہ قبل 10 مئی کو چاقو سے حملہ کیا گیا جس کے بعد اس کی موت ہوگئی تھی۔