جے پور: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت کے بیٹے ویبھو گہلوت کو غیر ملکی کرنسی قانون کی مبینہ خلاف ورزی سے متعلق ایک معاملے میں پوچھ تاچھ کے لیے طلب کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ویبھو گہلوت کو جمعہ کو جے پور یا نئی دہلی میں ایجنسی کے دفتر میں پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔
ای ڈی کے یہ سمن راجستھان میں قائم ہاسپٹلٹی گروپ ٹریٹن ہوٹلز اینڈ ریزورٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ، وردھا انٹرپرائزز پرائیویٹ لمیٹڈ اور اس کے ڈائریکٹرز اور پروموٹر شیو شنکر شرما، رتن کانت شرما اور دیگرکے خلاف ای ڈی کے حالیہ چھاپوں سے منسلک ہے۔ ایجنسی نے گروپ اور اس کے پروموٹرز کے خلاف اگست میں جے پور، ادے پور، ممبئی اور دہلی کے مقامات پر تین دن تک سرچ آپریشن کیا تھا۔
رتن کانت شرما کے اشوک گہلوت کے بیٹے ویبھو گہلوت کے ساتھ مبینہ روابط کی وجہ سے مبینہ طور پر ای ڈی کے زیر غور ہیں اور توقع ہے کہ فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ کے تحت ان سے پوچھ تاچھ اور بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ ان سرچ آپریشنز کے بعد ای ڈی نے ایک کروڑ روپے سے زائد کی بے نامی نقدی ضبط کیا ہے۔