جودھپور میں ایک گاڑی کی ٹکر سے ٹریکٹر پلٹ گیا اور اچانک آگ لگنے کی وجہ سے ڈرائیور کے زندہ جلنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
اطلاع کے مطابق شہر کے نزدیکی گرام بھانڈو فچ روڈ پر جمعرات کی رات 9 بجے ایک گاڑی کی ٹکر سے ایک ٹریکٹر پلٹ گیا۔جس کی وجہ سے ٹریکٹر سے جڑا ٹینکر بھی پلٹ گیا۔گاڑی نے ٹریکٹر کو اتنی تیز ٹکر ماری تھی کہ ٹریکٹر اور ٹینکر الگ الگ ہوگئے۔
جودھپور:سڑک حادثے میں ڈرائیور کی جل کر موت اس تصادم میں ٹریکٹر کا ڈرائیور راجو رام اچھل کر روڈ پر گرگیا اور اس کے اوپر ٹریکٹر بھی آکر گر گیا۔جس کی وجہ سے وہ ٹریکٹر کے نیچے دب گیا۔رات کا وقت ہونے کی وجہ سے اس حادثے کے بارے میں کسی کو بھی کچھ پتہ نہیں چلا۔
اس کے بعد بورناڈا پولیس اسٹیشن کے تھانہ انچارج کشن لال نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے کچھ دیر بعد ٹریکٹر کی ٹنکی لیک ہوگئی تھی اور اس سے اس میں موجود ڈیزل پھیل گیا تھا۔اس دوران ٹریکٹر میں شارٹ سرکٹ ہونے سے آگ لگ گئی۔آگ لگنے سے ہی اطراف کے لوگوں کو اس حادثے کی جانکاری ملی۔اس کے بعد لوگ موقع پر پہنچے، لیکن تب تک آگ کی چپیٹ میں آنے سے ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی۔
حادثے کے بعد بورناڈو فائر اسٹیشن سے فائر بریگیڈز کو بلا کر آگ پر قابو پایا گیا۔پولیس کے مطابق متوفی کی پہچان جھنور تھانہ علاقے کے جولیالی گرام کے رہائشی راجو رام وشنورئی کے طور پر ہوئی ہے، اس کی عمر 55 سال تھی۔اس کی لاش کو مردہ گھر میں رکھا گیا ہے اور جمعہ کے روز پوسٹمارٹم کروا کر لاش کو لواحقین کے سپرد کردیا جائے گا۔وہیں پولیس ٹکر مارنے والی اس گاڑی کی تلاش کر رہی ہے۔