سری گنگا نگر: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اس سال کے آخر میں ہونے والے راجستھان اسمبلی انتخابات کو لے کر سری گنگا نگر میں اپنی پارٹی کا انتخابی بگل بجاتے ہوئے لوگوں کو نئے راجستھان کا خواب دکھایا۔ کیجریوال نے اے اے پی کی راجستھان میں پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ اگر عام آدمی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو دہلی اور پنجاب کی طرح راجستھان کے لوگوں کو 300 یونٹ بجلی مفت دی جائے گی۔ انہوں نے راجستھان کے تقریباً آٹھ کروڑ لوگوں سے عام آدمی پارٹی کو ایک بار موقع دینے کی پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دہلی اور پنجاب میں ان کی پارٹی کی حکومتوں نے کم وقت میں اتنا کچھ کر دکھایا ہے کہ 50 سال تک ان ریاستوں میں عام آدمی پارٹی کی حکومت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ راجستھان میں اے اے پی پوری شدت سے الیکشن لڑے گی۔ کیجریوال نے اپنے شناسا انداز میں چوتھی پاس راجہ کی کہانی مذاق کے انداز میں سنائی اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آنے والے انتخابات میں کسی ان پڑھ اور جعلی ڈگری والے کو ووٹ نہ دیں۔ آپ پڑھے لکھے کو ووٹ دیں گے، تب ہی ہندوستان دنیا کا نمبر ایک ملک بنے گا۔ مرکزی حکومت پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ملک کو آگے لے جانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔