دھول پور: راجستھان کے دھول پور ضلع کے ریلوے اسٹیشن پر نئی دہلی سے چنئی جانے والی غریب رتھ ایکسپریس میں بم کی اطلاع ملنے پر ہلچل مچ گئی۔ جس کے بعد ٹرین کو دھول پور ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ بم کی اطلاع ملتے ہی اے ڈی ایم سدرشن سنگھ تومر، سی او سٹی سریش سنکھلا کی ہدایت پر مقامی پولیس، ریلوے پولیس فورس اور جی آر پی پولیس ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گئے۔ مقامی انتظامیہ اور ریلوے انتظامیہ نے مدھیہ پردیش کے مورینا سے فوری طور پر ڈاگ اسکواڈ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا اور ٹرین کے ہر ڈبے کی باریکی سے تلاشی لی گئی۔
ٹرین میں بم کی جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم نوجوان اور اس کے تین دیگر ساتھیوں کو ٹرین سے ہی حراست میں لے لیا گیا ہے، تقریباً ساڑھے تین گھنٹے کی تلاشی کے بعد ٹرین کو روانہ کیا گیا۔ وہیں مسافروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاعات کے مطابق ٹرین میں سفر کرنے والے ایک مسافر نے ریلوے پولیس کو اطلاع دی کہ غریب رتھ ایکسپریس کے کوچ G2 میں بم رکھا ہوا ہے۔ جس کے بعد ریلوے انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی اور ریلوے نے مقامی پولیس اور انتظامیہ کو اس کی اطلاع دی۔