وہپ کی خلاف ورزی کے معاملہ میں نوٹس پر سچن پائلٹ گروپ کے 19 ایم ایل ایز کی جانب سے راجستھان ہائی کورٹ میں درخواست پر فیصلہ 24 جولائی کو آنے کی بات سامنے آنے کے بعد ڈاکٹر جوشی نے پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائیں۔
ڈاکٹر جوشی نے صحافیوں کو بتایا کہ 'میرے پاس وہپ کی خلاف ورزی کے معاملہ میں ایک درخواست موصول ہوئی ہے، جس پر میں نے اپنے اختیارات اور ضابطوں کے تحت متعلقہ ممبران اسمبلی کو عمومی شوکاز نوٹس دیا تھا نہ کہ کوئی فیصلہ لیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'اس نوٹس کا جواب 17 جولائی تک دینا تھا لیکن معاملہ عدالت میں زیر غور ہونے کے وجہ سے میں نے کوئی کارروائی نہیں کی اور عدالت کا احترام کرتے ہوئے اس مدت میں 24 جولائی تک توسیع کردی۔'
انہوں نے کہا کہ صرف نوٹس جاری کرنے میں عدالت کا دخل دینا آئین میں اسمبلی اسپیکر کو دیئے گئے اختیارات و حقوق میں مداخلت ہے کیوںکہ آئین میں دیئے گئے التزامات کے مطابق ہی میں نے نوٹس جاری کیے ہیں اور یہ قانون کے مطابق ہے۔ آئین میں تمام اداروں کے کردار کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔