اردو

urdu

ETV Bharat / state

Rajnath Criticizes Congress کانگریس کا راہل یان پچھلے بیس برسوں سے لانچ نہیں ہوپارہا، راجناتھ - ملک میں منگلیان اور چندریان کی کامیاب لانچنگ

راجناتھ نے کہا کہ ملک میں جہاں منگلیان اور چندریان کی کامیاب لانچنگ اور لینڈنگ ہو رہی ہے، وہیں کانگریس کا 'راہل یان' گزشتہ 20 برسوں سے لانچ نہیں ہو پارہا ہے۔

راجناتھ
راجناتھ

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 4, 2023, 10:36 PM IST

Updated : Sep 5, 2023, 10:36 AM IST

رام دیورا (جیسلمیر): وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان مضبوط اور طاقتور ہوتا جا رہا ہے اور ملک میں منگلیان اور چندریان کی کامیاب لانچنگ اور لینڈنگ ہو رہی ہے جبکہ کانگریس کا ’راہل یان'' پچھلے بیس برسوں سے لانچ نہیں پارہا ہے۔

سنگھ پیر کو جیسلمیر ضلع کے رام دیورا میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پریورتن سنکلپ یاترا کے تیسرے رتھ کو ہری جھنڈی دکھانے کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان چاند اور مریخ پر پہنچ گیا ہے اور پورے ملک نے آدتیہ ڈال-1 کے کامیاب لانچ کو دیکھا ہے۔ اس بار بھی چندریان کے اترنے کے بعد کانگریس نے دبی آواز میں سوال اٹھانے کی کوشش کی، لیکن ملک کا مزاج دیکھ کر اس نے خاموشی اختیار کی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جہاں منگلیان اور چندریان کی کامیاب لانچنگ اور لینڈنگ ہو رہی ہے، وہیں کانگریس کا 'راہل یان' گزشتہ 20 برسوں سے لانچ نہیں ہو پارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا حیران ہے کہ ہندوستان نے ہالی ووڈ کی بڑی بڑی فلموں سے کم بجٹ میں منگلیان اور چندریان مشن مکمل کرلئے ہیں۔ یہ ہے نئے ہندوستان کی طاقت، اس کی آواز، جو کہتی ہے، جئے جوان، جئے کسان، جئے سائنس اور جئے تحقیق۔

سنگھ نے کہا، "جس زمین پر بابا رام دیورا جیسے اوتاری شخص نے سمادھی لی، اس کی مقدس سرزمین پر آپ لوگوں کے درمیان موجود ہونے پر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ جیسلمیر کا یہ علاقہ میرے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہے کیونکہ یہ پورا علاقہ صرف صحرائی سرزمین نہیں ہے بلکہ یہ بہادروں کی سرزمین اور قربانیوں کی سرزمین کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی ایٹمی سرزمین بھی ہے۔ قریب ہی واقع پوکھران کی سرزمین ایک نہیں بلکہ پانچ پانچ ایٹمی تجربات کی گواہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1971 کی پاک ہند جنگ کے دوران لونگے والا کی جنگ بھی اسی سرزمین پر لڑی گئی تھی جس میں ہندستان نے فیصلہ کن فتح حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستانی فوج اور ہندوستان کے سائنسدانوں کی صلاحیتوں اور قابلیت پر کبھی کسی کو شبہ نہیں رہا۔ مجھے یقین ہے کہ ہندوستان نے 23 اگست کو مشن چندریان -3 کی کامیابی کے ساتھ ایک بار پھر اسی طرح کی چھلانگ لگائی ہے، جو اس نے 1998 میں جوہری تجربات کرکے لگائی تھی۔

سنگھ نے کہا کہ آج یہاں رام دیورا سے شروع ہونے والی یاترا اس نئے ہندوستان کا پیغام پوری راجستھان ریاست تک لے جا رہی ہے۔ یہ یاترا جہاں نئے ہندوستان کا پیغام لے کر جا رہی ہے، وہیں یہ تبدیلی کا شنکھ بھی پھونکنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے پچھلے نو برسوں میں جو کام کیا ہے، نہ صرف ہندوستان کے لوگ بلکہ دنیا کے بڑے ممالک بھی ہندوستان کی طرف امید اور حسرت بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیاں، سروے ایجنسیاں مسلسل ایسی رپورٹیں شائع کر رہی ہیں جس میں وہ ہندوستان کو انتہائی مثبت نقطہ نظر سے دیکھ رہی ہیں۔ حال ہی میں ایک سروے رپورٹ آئی ہے جس میں 23 ممالک کے تقریباً آدھے شہریوں نے ہندوستان کو کافی امیدوں کے ساتھ دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2014 میں ایسے ہزاروں گاوں تھے جہاں پختہ سڑک کی کمی تھی۔ آج، 2023 تک، 99 فیصد گاوں پختہ سڑکوں سے منسلک ہو چکے ہیں۔ سال 2014 سے اب تک دیہی علاقوں میں تین لاکھ 60 ہزار کلومیٹر سڑکیں بنائی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سال 2014 میں ملک میں صرف 70 گرام پنچایتیں تھیں جن میں براڈ بینڈ کی سہولت موجود تھی۔ آج 2.5 لاکھ سے زیادہ گرام پنچایتوں میں براڈ بینڈ آپٹیکل فائبر کے ذریعے براڈ بینڈ پہنچ چکا ہے۔

یو این آئی

Last Updated : Sep 5, 2023, 10:36 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details