بیکانیر: وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ راجستھان کے سپوتوں نے ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کی ہیں اورگھر گھر میں قوم پرستی اور حب الوطنی کا جذبہ ہے۔ ایسے سپوتوں کی قربانیوں کے لئے قوم احسان مند رہے گی۔اشوک گہلوت نے ہفتہ کو بیکانیر میں شہیدوں کی شہادت کو سلام کیا۔ انہوں نے سری ڈنگر گڑھ کے دھیردیسر چوٹیان میں شہید ہیرو راکیش چوٹیا اور سونیاسر شیودان سنگھ میں شہید ہیت رام گودارا کے مجسمے کی نقاب کشائی کی اور پھول چڑھائے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں شال پہناکر استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں کہا کہ گاؤں میں شہید کا مجسمہ نصب کرنا ایک مثالی کام ہے۔ مجسمے سے آنے والی نسلوں کوسبق ملیگی۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے شہداء کے لواحقین کے تئیں حساسیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خصوصی پیکیج تیار کیا گیا ہے، جس میں شہداء کے بچوں کو ملازمت دینے کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ملک کی مختلف ریاستوں میں شہداء کے لواحقین کو دیئے جانے والے پیکیج کا مطالعہ کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی یہ کوشش رہے گی کہ مادر وطن کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے فوجیوں کے اعزاز میں لواحقین کو بہترین پیکیج ملے۔