سری گنگا نگر: راجستھان سے متصل پاکستانی سرحد پر بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے ایک ڈرون کو پاکستان کی طرف سے آتے دیکھا۔ اسے دیکھتے ہی جوانوں نے ڈرون پر فائرنگ شروع کر دی۔ پیر کی رات سری گنگا نگر ضلع میں ہندوستان-پاکستان سرحد پر ڈرون دیکھا گیا۔ بی ایس ایف کے جوانوں نے وقت ضائع کیے بغیر جوابی فائرنگ کی اور اسے واپس پاکستان کی طرف بھگا دیا۔ اس واقعے کے بعد فی الحال علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ سری گنگا نگر کے ایس پی پیرس دیش مکھ نے بتایا کہ ضلع کے سمجھاکوٹھی تھانہ علاقے میں ترشول بی او پی چوکی کے قریب سرحد پر تعینات بی ایس ایف کے جوانوں نے کل رات سرحد پار یعنی پاکستانی سرحد سے آنے والے ڈرون کی آواز سنی۔ اس پر بی ایس ایف کے تیار جوانوں نے ڈرون پر فائرنگ کی۔
معلومات کے مطابق جوانوں نے ڈرون پر 20 راؤنڈ فائر کئے۔ فائرنگ کے بعد ڈرون ان کی نظروں سے اوجھل ہوگیا۔ ڈرون کے لاپتہ ہونے کے بعد بی ایس ایف اور پولیس نے پورے علاقے میں تلاشی مہم شروع کی۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈرون کے ذریعے ہیروئن کی کھیپ بھارتی سرحد میں پھینکی گئی ہے۔ ہیروئن کی کھیپ کا سراغ لگانے کے لیے آس پاس کے دیہاتوں اور کھیتوں میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقے میں ناکہ بندی کرکے گاؤں والوں سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ تاکہ علاقے میں آنے والے مشکوک افراد کی شناخت ہو سکے۔