راجستھان:ادے پور میں کنہیا لال قتل معاملے میں حکمران جماعت اور اپوزیشن دونوں ایک دوسرے کے خلاف مسلسل بیان بازی کر رہے ہیں۔ جہاں بی جے پی ریاست کی انٹیلی جینس اور پولیس محکمہ کو لے کر کانگریس پر حملہ آور ہے وہیں کانگریس، گلاب چند کٹاریا کی ملزمین کے ساتھ وائرل تصویر کی بنیاد پر بی جے پی کو لگاتار گھیر رہی ہے۔ اب اس معاملے میں وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے ایک چونکا دینے والا بیان دیا ہے۔ Udaipur Murder Case
اشوک گہلوت نے نام لیے بغیر بی جے پی کو نشانے پر رکھا اور کہا کہ 'بی جے پر اگر کانگریس حکومت سے سوال کررہی ہے تو بی جے پی کو واضح کرنا چاہئے کہ ان کا کنہیا لال قتل کے ملزمین سے کیا تعلق ہے؟ پیر کو وزیراعلیٰ نے یہ بات ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ میڈیا پہلے ہی ادے پور قتل کیس کے مرکزی ملزم اور بی جے پی کے تعلقات کے بارے میں بتا چکا ہے، لیکن بی جے پی کے ساتھ دونوں ملزمین کے تعلقات کی سطح کیا ہے اسے بتانا چاہئے۔
وزیراعلیٰ نے ایک مکان مالک کا درد بتا کر اپوزیشن کو نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ حال ہی میں خبر آئی تھی کہ جس مسلم مکان مالک کے گھر میں دونوں ملزم رہتے تھے اس نے پولیس میں شکایت کی تھی کے ان کے گھر پر ہر روز نئے نئے لوگ آتے ہیں، اس کے علاوہ یہ دونوں لوگ مجھے ہراساں کرتے ہیں۔ کرایہ مانگنے پر دھمکیاں دیتے ہیں، اس حوالے سے جب مکان مالک نے پولیس میں شکایت کی اور پولیس کارروائی کرتی، اس سے قبل ہی بی جے پی لیڈران کا فون کالز تھانے پہنچ گیا کہ یہ ہمارا کارکن ہے، انہیں تنگ نہ کریں۔