جے پور: حالیہ راجستھان اسمبلی انتخابات میں 199 میں سے 115 سیٹیں جیتنے کے بعد، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ریاست کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار پر غور کر رہی ہے۔ راجستھان کی سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے جہاں ایک اہم امیدوار ہیں، وہیں الور سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بابا بالک ناتھ ہیں جنہیں ریاست کی قیادت کے لیے ایک مضبوط متبادل سمجھا جا رہا ہے۔ اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی طرح بھگوا پوش مہنت کے بیانات نے بالک ناتھ کو بی جے پی کے 'فائر برانڈ لیڈر' کا درجہ دیا ہے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں بالک ناتھ کانگریس کے عمران خان کو 6173 ووٹوں سے شکست دی تھی۔
تاہم ریاست میں وزیراعلیٰ کے چہرے کے حوالے سے صورتحال ابھی واضح نہیں ہے۔ جس کی وجہ سے یہ قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہے کہ وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی جوڑی یہاں بھی وزیر اعلیٰ کے چہرے کو لے کوئی حیران کن فیصلہ کر سکتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا بی جے پی وسندھرا راجے پر اپنا اعتماد برقرار رکھے گی یا ریاست کی قیادت کے لیے بابا بالک ناتھ کو لائے گی؟