نئی دہلی: کانگریس کے سربراہ ملکارجن کھرگے نے کہا کہ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست میں کانگریس پارٹی کی انتخابی ضمانتوں کی نقل کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ کانگریس صدر آج راجستھان میں دو ریلیوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ " بھرت پور ضلع کی ویر اسمبلی سیٹ اور تیجارا میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے، بی جے پی کے پاس عوام کے لئے کوئی ٹھوس پالیسی نہیں ہے، جس طرح کانگریس نے راجستھان اور دیگر ریاستوں میں گارنٹی کی شکل میں دی ہے"۔
وزیر اعظم اور بی جے پی پر نکتہ چینی کرتےہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ "مودی جی اور بی جے پی نے بہت کوششوں کے بعد ہماری اصلی ضمانتوں کی نقل کرنا بہتر سمجھا۔ بی جے پی نے عجلت میں اور ناکامی کے ساتھ الیکشن سے پہلے جھوٹے ایجنڈے عوام کے سامنے پیش کرنے کوشش کی۔ کانگریس جانتی ہے کہ کانگریس نے کام کیا ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہماری سات ضمانتیں عوام تک نچلی سطح تک پہنچ جائیں۔