دہلی:کانگریس صدر کے عہدہ کے انتخاب سے عین قبل اشوک گہلوت اور راجستھان اراکین اسمبلی کے درمیان تلخیوں کے معاملے کی وجہ سے اعلیٰ قیادت کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ اب ذرائع کی مانیں تو CWC کے ممبران نے اشوک گہلوت کو صدر کے عہدے کی دوڑ سے باہر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر انہیں باہر نہیں کیا گیا تو پارٹی قیادت کے سامنے ڈسپلن کا معاملہ کھڑا ہو جائے گا۔ Ashok Gehlot in Race for Congress President
دریں اثنا کانگریس کی راجستھان یونٹ میں ریاست میں جاری بحران کے درمیان پارٹی کے دونوں مبصرین ملکارجن کھرگے اور اجے ماکن نے پیر کو پارٹی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ دونوں جے پور سے سیدھے دہلی پہنچے اور اس کے بعد 10 جن پتھ پہنچ کر سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔
راجستھان میں کانگریس کی سیاسی ہلچل کے درمیان پارٹی لیڈر کے سی وینوگوپال نے دہلی میں سونیا گاندھی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ انہیں بھارت جوڑو یاترا سے اس میٹنگ کے لیے بلایا گیا تھا۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ ملاقات بھی راجستھان کے اندر جاری ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ہوئی ہے۔