جے پور:ریاست راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے 167 نئی ایمبولینس (بیسک لائف سپورٹ-108) گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ وزیر اعلیٰ کے ذریعہ امر جوان جیوتی سے روانہ کی گئی ان ایمبولینسوں کو مختلف اضلاع میں بنیادی طبی خدمات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بیڑے میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے ایمبولینس انسپکشن موبائل ایپلیکیشن بھی جاری کیا، جس کے ذریعے ان ایمبولینس گاڑیوں کی نقل و حرکت پر موثر نگرانی کی جا سکتی ہے۔ Ashok Gehlot flagged new ambulance
اس موقع پر اشوک گہلوت نے ایمبولینس کے ڈرائیوروں کو ایمبولینس کی چابیاں اور میڈیکل کٹ بھی سونپی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پورے ملک میں صرف 41 فیصد آبادی کے پاس ہی ہیلتھ انشورنس ہے، وہیں راجستھان میں آج 90 فیصد لوگوں کو مکھیہ منتری چرنجیوی سواستھ بیمہ یوجنا کے تحت کور کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چرنجیوی یوجنا کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری پھیلائی جانی چاہیے، تاکہ کوئی بھی اہل شخص اس کے فوائد سے محروم نہ رہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں کورونا وبا کے دوران بہترین انتظام تھا۔ یہاں کے بھیلواڑہ ماڈل کو پوری دنیا میں سراہا گیا۔ ریاست کا صحت کا بنیادی ڈھانچہ کسی بھی قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔