راجستھان میں واقع اجمیر درگاہ کو آنے والے زائرین کو کورونا وبا سے محفوظ رکھنے کےلیے درگاہ کے احاطہ کو سینی ٹائز کیا گیا۔ اس کے علاوہ زیارت کے وقت سماجی فاصلہ کا خاص خیال رکھا جارہا ہے اور لوگوں کو ماسک لگانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔
درگاہ میں زیارت کےلیے آنے والوں سے ویکسین لینے کی اپیل کی جارہی ہے۔ عالمی شہرت یافتہ درگاہ حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتیؒ کو 28 جون 2021 سے عام زائرین کےلیے کھول دیا گیا جبکہ کورونا وبا اور لاک ڈاون کی وجہ سے درگاہ کو گذشتہ 73 روز بند رکھا گیا تھا۔
درگاہ کو عام لوگوں کےلیے کھولنے کے بعد زائرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، ایسے میں عقیدت مندوں کا خیال کرتے ہوئے کمیٹی کی جانب سے درگاہ کے احاطہ کے علاوہ اطراف و اکناف میں خصوصی کووڈ کوڈ اسپرے کیا جارہا ہے اور احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے سماجی فاصلہ کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔