سیکر: اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہےکہ راجستھان میں اے آئی ایم آئی ایم تیسری پارٹی کے طور پر ابھرے گی۔
اویسی بدھ کو ضلع سیکر کے فتح پور شیخاوتی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان میں کانگریس اور بی جے پی کبڈی کا کھیل کھیلتے ہیں، اب ان کی پارٹی تیسری طاقت بن کر ابھرے گی اور اس کھیل کو ختم کر دے گی۔ انہوں نے کہا جب تک آپ کے پاس اپنی ایک سیاسی آواز نہیں ہوگی اس وقت تک آپ اپنے مسائل حل نہیں کروا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں برسوں سے ووٹ ڈالنے والا بنایا جاچکا ہے۔ اب ہمیں ووٹ لینے والا بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آپ اپنے نمائندے کو اپنے ووٹ سے کامیاب نہیں کریں گے آپ کو انصاف نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد تلنگانہ میں سات مسلم ایم ایل اے ہیں جن کا بجٹ 1728 کروڑ ہے، وہیں راجستھان میں نو ایم ایل اے ہونے کے باوجود اقلیتوں کا بجٹ 98.55 کروڑ ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ راجستھان کا بجٹ اتنا کم کیوں ہے؟