راجستھان کے ضلع باراں کے چھبڑا علاقے کے بھولون گاؤں میں جمعہ کے روز 250 دلت خاندانوں نے ہندو مذہب کو ترک کرکے بدھ مذہب اختیار کرلیا، اس بات کی تصدیق بیروا مہاسبھا یوا مورچہ کے ضلع صدر بالمکند بیروا نے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبھی دلت خاندانوں نے اپنے گھروں سے دیوی دیوتاؤں کی مورتیوں اور تصویروں کو بیتلی ندی میں وسرجن کردیا اور بدھ مذہب اختیار کرلیا۔
بال مکند بیروا نے بتایا کہ 5 اکتوبر کو راجندر اور رامہیت ایروال نے بھولون گاؤں میں ماں درگا کی آرتی کی تھی جس سے ناراض راہول شرما اور لال چند لودھا نے دونوں دلت نوجوانوں کی جم کر پٹائی کی۔ اس سلسلے میں دلت سماج کے لوگوں نے مقامی پولیس تھانے میں شکایت درج کرائی، لیکن ملزمین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ بعد ازاں جمعہ کو دلت سماج کے لوگوں نے ایک ریلی نکالی اور بیتلی ندی پہنچ کر تمام دیوتاؤں کی مورتیوں کا وسرجن کردیا۔