راجستھان میں پنچایتی الیکشن کے تیسرے مرحلے میں 975 گرام پنچایتوں میں ووٹنگ آج صبح پرامن شروع ہوئی اور صبح دس بجے تک قریب بیس فیصد ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرچکے تھے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تیسرے مرحلے میں 975 گرام پنچایتوں میں سرپنچ اور پنچ عہدوں کے لئے ووٹنگ سخت سکیورٹی نظام کے درمیان صبح ساڑھے سات بجے پرامن شروع ہوئی۔ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال شام ساڑھے پانچ بجے تک کر سکیں گے۔ صبح ووٹنگ شروع ہوتے ہی کچھ پولنگ مراکز پر الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم ) کی خرابی کی شکایتیں آئی لیکن جلد ہی انہیں حل کردیا گیا۔
شروع میں ووٹنگ سست رہی لیکن بعد میں پولنگ مراکز پر ووٹروں کی لمبی قطاریں لگنے لگی اور دس بجے تک تقریباً 20 فیصد ووٹر اپنے ووٹ ڈال چکے تھے ۔اس دوران عالمی وبا کورونا کی وجہ سے ووٹروں نے ماسک پہنا تھا اور سماجی دوری کا بھی دھیان رکھا جارہا ہے۔ حالانکہ کئی جگہوں پر بھیڑ جمع ہونے پر انہیں سماجی دوری بنائے رکھنے کے لئے سمجھاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔