چنڈی گڑھ: امرت پال سنگھ کے خلاف پنجاب پولیس کی جانب سے چلائی جا رہی تحقیقاتی مہم جاری ہے۔ پولیس امرت پال اور اس کے ساتھیوں کی تلاش میں شہر شہر چھاپے مار رہی ہے۔ اسی کڑی کے تحت پولس نے امرت پال سنگھ کے قریبی گن مین وریندر سنگھ جوہل کو گرفتار کیا ہے جسے NSA کے تحت ڈبرو گڑھ جیل بھیج دیا گیا ہے۔ وریندر سنگھ ہمیشہ سائے کی طرح امرت پال سنگھ کے ساتھ تھے۔ کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اسے گرفتار کر کے ڈبرو گڑھ جیل بھیج دیا، جہاں امرت پال کے باقی ساتھیوں کو بھیجا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس امرت پال کو گرفتار کرنے نیپال پہنچ گئی ہے۔ پنجاب پولیس کی اس کارروائی میں دہلی پولیس اور مرکزی ایجنسی بھی مدد کر رہی ہے۔ پنجاب پولیس سینٹرل انٹیلی جنس ونگ کے ان پٹ پر کام کر رہی ہے۔ اس معاملے میں امرت پال کے تھائی لینڈ کنکشن کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس اس کے ایک ایک تار کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق امرت پال کئی بار تھائی لینڈ جا چکا ہے۔ دبئی میں قیام کے دوران وہ تھائی لینڈ جاتے تھے۔ اب امرت پال کے نیپال یا پاکستان کے راستے تھائی لینڈ پہنچنے کا امکان ہے۔