امرتسر: گرو نانک دیو یونیورسٹی نے اپنی 54 سالہ تاریخ میں 25 ویں بار ہندوستانی کھیلوں کی سب سے باوقار مولانا ابوالکلام آزاد (ایم اے کے اے) ٹرافی جیت کر ایک بار پھر تاریخ رقم کی ہے۔ گرو نانک دیو یونیورسٹی ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جو 9 جنوری 2024 کو راشٹرپتی بھون میں ملک کے صدر سے 25ویں مرتبہ مولانا ابوالکلام آزاد ٹرافی وصول کرے گی۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) جسپال سنگھ سندھو یہ ٹرافی 9 جنوری کو ملک کی صدر دروپدی مرمو سے وصول کریں گے۔ ماکا ٹرافی جیتنے پر یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے سربراہوں کے علاوہ پنجاب کے وزیراعلی بھگونت سنگھ مان، اسمبلی کے اسپیکر کلتار سنگھ سندھوان، وزیر تعلیم ہرجیت سنگھ بینس، کابینہ کے وزیر کلدیپ سنگھ دھالیوال اور دیگر اہم شخصیات نے گرو نانک کے دیو یونیورسٹی کی کارکردگی پر وائس چانسلر ڈاکٹر جسپال سنگھ سندھو کو مبارکباد دی۔
ماکا ٹرافی کے حصول کا کریڈٹ کھلاڑیوں، کوچز اور قابل منتظمین کو دیتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر سندھو نے کہا کہ یونیورسٹی کھیلوں کو فروغ دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کیمپس میں ہاکی آسٹرو ٹرف، سوئمنگ پول، ویلڈروم، انڈور ہال، فٹ بال گراؤنڈ، شوٹنگ رینج (10 میٹر، 25 میٹر، 50 میٹر)، باسکٹ بال گراؤنڈ، کھو کھو/ کبڈی گراؤنڈ، تیر اندازی، والی بال گراؤنڈ، ورلڈ کلاس ٹینس کورٹ کا بنیادی ڈھانچہ کھلاڑیوں کے لیے دستیاب ہے۔