چندی گڑھ: پنجابی گلوکار سدھو موسی والا کے قتل کے کلیدی ملزم گولڈی براڑ نے سدھو کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی براڑ نے پیر کو گلوکار موسی والا کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ اس نے اس جرم کے پیچھے اپنے مقصد کا بھی انکشاف کیا ہے۔ دراصل 28 سالہ پنجابی گلوکار اور کانگریس پارٹی کے رہنما کو گزشتہ سال 29 مئی کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
اگرچہ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ گولڈی براڑ کہاں ہے لیکن کہا جاتا ہے کہ گولڈی براڑ کینیڈا میں چھپا ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے موسی والا کو ذاتی وجوہات کی بنا پر قتل کیا اور ان کی ہٹ لسٹ میں اگلا نام بالی ووڈ اداکار سلمان خان کا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ رواں سال مئی کے مہینے میں کینیڈا حکومت نے براڑ کو ملک کے 25 انتہائی مطلوب مجرموں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ براڑ نے کہا کہ ہاں میں نے سدھو موسی والا کو مارا ہے۔ سدھو کے قتل کے پیچھے ذاتی وجہ یہ تھی۔ یہ بات ایک میڈیا رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ اس میں براڑ نے کہا کہ موسی والا ایک مغرور شخص تھا۔ وہ بگڑ گیا تھا۔ اس کے پاس ضرورت سے زیادہ پیسہ تھا۔ سیاسی طاقت تھی۔ پولیس کی طاقت ضرورت سے زیادہ تھی۔ جس کا وہ غلط استعمال کر رہا تھا۔ ایسے میں اسے سبق سکھانا ضروری تھا۔