امرتسر:بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی قیادت کی جانب سے امرتسر میں منعقد ہونے والی جی-20 کانفرنس کے لیے ایک رکنی رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں میں بی جے پی کے ریاستی نائب صدر ڈاکٹر راجکمار ویرکا، ڈاکٹر جگموہن سنگھ راجو، سابق آئی اے ایس اور سابق راجیہ سبھا ممبر ایم پی شویت ملک کو مقرر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر جگموہن سنگھ راجو کو ان کے سابق کام کے پیش نظر اس کمیٹی میں بطور ماہر اضافی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
ڈاکٹر راج کمار ویرکا نے منگل کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’یہ پہلی بار دیکھا گیا ہے کہ کسی ہندستانی وزیر اعظم نے دنیا میں ہندستان اور پنجاب کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کو اتنا بڑا اعزاز دلایا ہے۔‘‘ امرتسر میں 15 سے 17 مارچ تک جی-20 کانفرنس، تعلیم پر 19 جبکہ 20 مارچ کو 20 ممالک کے سیاست دانوں کے درمیان مزدوروں کی ترقی اور انہیں عالمی مقابلے کے لیے تیار کرنے کے لیے تفصیلی بات چیت ہوگی۔
ویرکا نے مزید کہا کہ ’’پہلے دیگر ممالک کے وزرائے اعظم اور سیاست دان امریکہ، روس، جاپان جیسے ترقی یافتہ ممالک جاتے تھے اور وہاں اپنے ممالک کو چلانے کے لیے مشاورت کرتے تھے، اور ان سے لائن آف ایکشن لیتے تھے، لیکن آج وزیر اعظم نریندر مودی کی بصیرت افروز قیادت کی وجہ سے دنیا بھر کی تمام سڑکیں ہماری راجدھانی دہلی میں آکر ختم ہوتی ہیں۔ دنیا کے تمام ممالک کے وزرائے اعظم، وزرائے خارجہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کو عالمی لیڈر مانتے ہوئے ان کا مشورہ لینے کو تیار رہتے ہیں۔ یہ ہم سب کے لیے اور ہمارے ملک کے لیے بڑے فخر کی بات ہے۔‘‘