امرتسر: گذشتہ شام اٹاری واہگہ بارڈر سے متصل مہاوا گاؤں میں فصل کی کٹائی کے دوران سابق فوجی، کسان بکرم جیت سنگھ کے کھیتوں میں ایک پاکستانی ڈرون کو کمبائن مشین کے سامنے گرا ہوا پایا گیا۔ کھیت میں ڈرون پائے جانے کے بعد مذکورہ گاؤں کے کسانوں اور گاؤں والوں نے پولیس حکام اور بی ایس ایف اہلکاروں کو اس کی اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور بی ایس ایف کے اہلکار موقعے پر پہنچ گئے اور ڈرون کو قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کردی۔
اس موقعے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئےکسان کبل سنگھ نے بتایا کہ ہمارا گاؤں سرحد سے متصل ہے جس کی وجہ سے ہمیں کاشتکاری میں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری زمین سرحد کی خاردار تاروں سے متصل ہے۔ وہاں کاشت کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے کیونکہ ہر روز کوئی نہ کوئی سامان پاکستان کے اسمگلروں کے ذریعے یا ڈرون کے ذریعے بھیجا جاتا ہے۔