امرتسر: پاکستان کے شہر کراچی کی رہائشی 21 سالہ جویریہ خانم کی محنت بالآخر کامیاب ہوگئی اور وہ بھارتی ویزا حاصل کرنے کے بعد اٹاری واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت میں داخل ہوگئی۔ بھارت پہنچنے پر جوریہ کا ان کے سسرال والوں نے ڈھول باجے کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا۔ جویریہ خانم کو بھارت کا 45 دن کا ویزا ملا ہے۔ بھارت میں داخل ہونے کے بعد جویریہ خانم نے کہا کہ مجھے ساڑھے پانچ سال بعد یہ ویزا ملا ہے جس کی وجہ سے میں بہت خوش ہوں، یقین نہیں آتا کہ میں یہاں پہنچ گئی ہوں، بلآخر میری دعا قبول ہوگئی ہے۔ ہم جنوری کے پہلے ہفتے میں کولکتہ میں شادی کریں گے، پاکستان میں بھی سب خوش ہیں۔
جویریہ کے منگیتر سمیر خان نے کہا کہ اپنے محبوب سے مل کر میرا خواب پورا ہو گیا ہے، میں نے ساڑھے پانچ سال تک انتظار کیا۔ سمیر خان نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے اس سے پہلے دو بار ویزا دینے سے انکار کیا تھا۔ لیکن مقبول احمد نے اس معاملے میں ان کی بہت مدد کی اور ان کی کوششوں کی وجہ سے ان کی منگیتر کو بھارتی حکومت نے ویزا دے دیا۔ انہوں نے جویریہ خانم کو ویزا دے کر دونوں خاندانوں کو دوبارہ ملانے میں مدد کرنے پر حکومت ہند کا شکریہ ادا کیا ہے۔