جالندھر: بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے بھارتی ریاست پنجاب کے فاضلکا ضلع میں 2 کلو 256 گرام ہیروئن برآمد کی ہے۔ ضلعی رابطہ افسر نے اتوار کو بتایا کہ ہفتہ کی رات بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے ایریا ڈومینیشن پٹرولنگ کے دوران ضلع فاضلکا کے گاؤں گھرمی کے قریب ایک کھیت میں کچھ مشکوک چیز پڑی دیکھی۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے کی تلاشی کے دوران بی ایس ایف کے جوانوں نے سفید رنگ کے پولی تھین میں لپٹی ہیروئن (مجموعی وزن - 2.256 کلوگرام) کے 3 پیکٹ برآمد کیے۔ وہیں پاک بھارت سرحد پر گشت تیز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 29 جنوری 2023 کو پنجاب کے امرتسر میں پولیس کے انسداد انٹیلی جنس ونگ نے ایک بڑی کارروائی کی تھی۔ ٹیم نے منشیات فروشی کے ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے اس کے قبضے سے 5 کلو ہیروئن اور 12.15 لاکھ روپے برآمد کیے تھے۔ وہیں فاضلکا پولیس نے گزشتہ سات جنوری کو 29 ڈبوں سے 31 کلو 200 گرام ہیروئن برآمد کی تھی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں ہیروئن کی قیمت کروڑوں روپے بتائی گئی۔ اس کے علاوہ پولیس نے موقع سے دو اسمگلروں کو بھی گرفتار کیا تھا۔ بی ایس ایف نے گشت کے دوران سرحد پر ایک مشکوک شخص کو دیکھ کر فائرنگ کی۔ اس کے بعد پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا۔ تلاشی کے دوران ہیروئن کی اتنی بڑی کھیپ سمیت دو سمگلر پکڑے گئے۔ ڈی جی پی پنجاب گورو یادو نے ٹویٹ کیا کہ فاضلکا پولیس اور بی ایس ایف نے مشترکہ طور پر بڑی مقدار میں منشیات کی اسمگلنگ کا پردہ فاش کیا ہے اور 2 ملزم اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔