انہوں نے کہا کہ ریاست میں طبی ماہرین کی ہری جھنڈی ملنے تک اسکول نہیں کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت و سلامتی کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے۔
اسکول فیس وصولنے کے فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی - نظرثانی کی درخواست
پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ پنجاب حکومت نجی اسکولوں کو لاک ڈاؤن کی مدت کی اسکول فیس وصولنے کی اجازت دینے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کرے گی۔
پٹیالہ میں کچھ والدین اور سرپرستوں کے ذریعہ اسکول کھولنے کے لئے اظہار برہمی پر کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ وہ بچوں کی صحت سےسمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ'میں اس وقت تک اسکول نہیں کھولوں گا جب تک کہ مجھے اس معاملے میں طبی مشورے نہیں ملیں گے"۔
لاک ڈاؤن کے وقت اسکولوں کے ذریعہ فیس وصولنے پر وزیر اعلی نے کہا کہ ان کی حکومت نے پرائیویٹ اسکولوں میں لاک ڈاؤن کے دوران کوئی فیس نہیں لینے کا صحیح فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ "اسکول بند ہونے پر والدین سے فیس وصول کرنا غلط ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف جلد ہی ایک نظرثانی کی درخواست دائر کی جائے گی۔