امرتسر:خالصتان حامی امرت پال سنگھ کی اہلیہ کرن دیپ کور کو پنجاب پولیس نے ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا۔ کرن دیپ کو امرتسر کے شری گرو رام داس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پکڑا گیا۔ پنجاب پولیس کے ذرائع کے مطابق وہ لندن جانے کی تیاری میں تھیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ امرت پال سنگھ کی بیوی کرن دیپ کور سے امیگریشن ڈپارٹمنٹ پوچھ گچھ کر رہا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ وارث پنجاب دے کے سربراہ امرت پال سنگھ کو گرفتار کرنے کے لیے جہاں پنجاب پولیس مسلسل چھاپے مار رہی ہے۔ ساتھ ہی ان کی اہلیہ کرن دیپ کور کے بارے میں بھی تفتیش شروع کی تھی۔ کرن دیپ کور انگلینڈ کی رہنے والی ہیں۔
جانکاری کے مطابق امرت پال نے 10 فروری 2023 کو کرن دیپ سے شادی کی تھی۔ دونوں کا رابطہ کیسے ہوا، کب سے ایک دوسرے کو جانتے تھے اور شادی کب ہوئی، اس کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ امرت پال کی شادی پہلے جالندھر کے گرودوارہ صاحب میں ہونی تھی لیکن پھر میڈیا اور لوگوں کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے شادی کا مقام تبدیل کر دیا گیا۔ بعد ازاں انہیں بابا بکالا کے گاؤں جلو پور کھیڑا لے جایا گیا، جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ شادی کی تقریب میں میڈیا کو اندر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ امرت پال سنگھ نے میڈیا سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ انکی ذاتی زندگی کو عام نہ کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی اہلیہ کرن دیپ واپس انگلینڈ نہیں جائیں گی اور پنجاب میں ان کے ساتھ رہیں گی۔