امرتسر: امرتسر، پنجاب میں اسٹیٹ اسپیشل آپریشن سیل (ایس ایس او سی) نے ہفتہ کو مرکزی ایجنسی کے ساتھ ایک مشترکہ آپریشن میں لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے ماڈیول کا پردہ فاش کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے دو عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا۔ ایس ایس او سی نے دونوں عسکریت پسندوں کے قبضے سے دو آئی ای ڈیز، دو دستی بم، ایک پستول، دو میگزین، 24 زندہ کارتوس، ایک ٹائمر سوئچ، آٹھ ڈیٹونیٹر اور چار بیٹریاں برآمد کیں۔ دونوں عسکریت پسند پنجاب میں کسی بڑی واردات کو انجام دینے والے تھے۔ عسکریت پسند ماڈیول لشکر طیبہ کے سرگرم رکن فردوس احمد بھٹ کے زیر کنٹرول تھا۔ گرفتار شدہ عسکریت پسندوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
پنجاب پولیس کے ڈائریکٹر گورو یادو نے ایکس پر اس کی معلومات دیتے ہوئے کہا، "ایک بڑی کامیابی میں، ایس ایس اوسی امرتسر نے مرکزی ایجنسی کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں ایک ایل ای ٹی ماڈیول کا پردہ فاش کیا اور دو عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا، جو جموں و کشمیر کے رہنے والے ہیں۔"