پلوامہ (جموں و کشمیر) :یوتھ کانگریس کی جانب سے نارستان، ترال میں 'بہتر بھارت کی بنیاد' کے عنوان سے ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں آل انڈیا یوتھ کانگریس کے جنرل سیکریٹری اور انجارچ جموں وکشمیر جگدیو گگا مہمان خصوصی کے طور پر شامل ہوئے، جب کہ کانگریس کے جنرل سیکریٹری سریندر سنگھ چنئ، انچارج لداخ منپریت سنگھ اور مقامی ورکروں کی ایک خاصی تعداد نے بھی یوتھ کانگریس ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔
اس موقعے پر لیڈران نے ورکروں پر زور دیا کہ وہ کانگریس پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے کے لیے سعی کریں اور اس پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں کا پرچار کریں۔ اس موقع پر سریندر سنگھ چنئی نے لوگوں کو بتایا کہ ’’کانگریس واحد ایک ایسی پارٹی ہے جو ملک کے سیکولر ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے آگے کام کر رہی ہے اور ملک کے آئین کو بچانے کے لیے اس پارٹی کو ہی مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ اس موقع پر جگدیو جگا نے بتایا کہ ’’راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا سے پورے ملک میں ایک محبت کا پیغام پہنچایا ہے اور اگر اس محبت کے پیغام کو عام نہیں کیا گیا تو ملک میں حالات پھر پرانی ڈگر پر آئیں گے اور ملک کی گنگا جمنی تہذیب بکھر سکتی ہے اسلیے موجودہ دور میں کانگریس کی سوچ اور سیاست کو ہی پروان چڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔