جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کھریو شار علاقے کی سرسبز پہاڑیوں کی بلندیوں پر واقع وسترون ٹاپ اپنی خوبصورتی کی وجہ سے بہت مشہور ہے۔ یہ جگہ نہ صرف سیر و تفریح کے لئے موزوں ہے بلکہ ٹریکنگ کے لئے اس جگہ کو بہترین مقام تصور کیا جا رہا ہے۔
وسترون ٹاپ شار گاؤں سے تقریباً آٹھ کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے اور اس دلفریب جگہ تک پہنچنے کے لۓ کم از کم چار گھنٹے لگتے ہیں۔ اس جگہ تک پہنچنے کے لئے اگر چہ بڑی مشقت کرنی پڑتی ہے تاہم سرسبز پہاڑوں کے بیچ کا یہ راستہ روح کو سکون اور آنکھوں کو تراوت بخشتا ہے۔ جس سے یہ کٹھن راستہ طے کرنے میں کافی مزہ آتا ہے۔
اس جگہ پر پہنچنے میں کافی محنت بھی لگتی ہے تاہم محنت اور سخت گرمی کے باوجود بھی آج کل لوگ اس جگہ پر آنے کو ترجیح دیتے ہیں اور یہاں کی خوبصورت اور سبززاروں سے کافی لطفاندوز ہوتے ہیں۔ خاص کر وسترون ٹاپ پر پہنچ کر گھوڑے کی سواری کرنے کو لوگ بہت پسند کرتے ہیں۔
وسترون ٹاپ کی یہ جگہ کھریو اونتی پورہ اور ترال کی پہاڑیوں کی بلندی پر واقع ہے اور گرمی کے ان سخت ایام میں یہاں لوگ ٹھنڈی اور صاف و شفاف ہواؤں کا مزہ لینے کے علاوہ سیر و تفریح کرنے میں کافی محو نظر آتے ہیں۔ یہ جگہ نہ صرف سیر و تفریح کے لئے موزوں ہے بلکہ ٹریکنگ کے لئے وسترون ٹاپ کو ایک بہترین جگہ تصور کیا جاتا ہے۔