پلوامہ:جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پامپوت کھریو علاقہ میں منگل کے روز ایک اسکوٹی حادثہ کا شکار ہوئی۔ اس حادثہ میں اسکوٹی پر سوار خاتون ہلاک جبکہ اس کا شوہر زخمی ہوا ہے۔
اس حوالے سے ایک اہلکار نے بتایا کہ کھریو کے وہاب صاحب علاقے میں منگل کے روز ایک اسکوٹی کو حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں اسکوٹی پر سوار ایک جوڑا زخمی ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں شدید زخمی حالت میں ایس ایم ایچ ایس سرینگر ریفر کر دیا گیا۔ تاہم، خاتون ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔متوفی کی شناخت لاروے کاکاپورہ کے شہزادہ بانو کے بطور ہوئی ہے۔وہیں ان کے شوہر کی شناخت محمد الطاف گنائی کے بطور ہوئی اور وہ زیر علاج ہے۔
پولیس نے اس حوالے سے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ بتادیں کہ گزشتہ روز سرینگر کے ملورہ شالہ ٹینگ علاقے میں ایک سڑک حادثے میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں:Srinagar Accident سرینگر میں سڑک حادثہ، تین افراد ہلاک
واضح رہے کہ جموں کشمیر میں گزشتہ بارہ برسوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں بارہ ہزار سے زائد افراد کی موت ہوچکی ہے، جب کہ ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ جموں کشمیر ٹریفک پولیس کے ایک رپورٹ کے مطابق سنہ 2010 سے 2022 کے مابین 76,942 سڑک حادثات پیش آئے ہیں۔ ان حادثات میں 12,429 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 1,04,983 افراد زخمی ہوگئے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ان 12 برسوں میں جموں و کشمیر میں روزانہ 34 افراد ہلاک اور 291 زخمی ہوئے ہیں۔