دور دراز دیہات میں بنیادی سہولیات کو بہم پہنچانے کے بلند بانگ دعوؤں کے باوجود جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں کئی دیہات اس جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ جہاں کئی دیہات میں سڑک، پانی اور بجلی جیسی سہولیات میسر نہیں ہے۔ وہیں ترال سے سترہ کلومیٹر دور درگڈ نامی گاؤں میں نالہ نارستان پر پل نہ ہونے سے آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق ان کا قبرستان نالے کے دوسری طرف ہے اور جب نالے میں پانی آ جاتا ہے تو کئی روز تک وہ اپنے مردوں کو بھی دفنانے سے قاصر رہتے ہیں کیونکہ پل نہ ہونے سے ان کو نالہ پار کر کے ہی اس مذہبی رسم کو انجام دینا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق رابطہ پل کی عدم دستیابی سے ان کے شب و روز شدت سے متاثر ہیں اور وہ بار بار سرکاری دفاتر کے چکر کاٹ کر اب تھک گئے ہیں۔