پلوامہ:جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے بالائی علاقہ سنگرونی میں پہلی مرتبہ انتظامیہ کی جانب سے سرمائی کھیلوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ سنگرونی علاقے میں برف کی سفیدر چادر سے ڈھکے پر کشش میدانوں میں پہلی مرتبہ محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کی جانب سے منعقد کیے گئے سرمائی کھیل مقابلوں میں مقامی کھلاڑیوں نے جوش و جذبہ کے ساتھ شرکت کرکے اپنے ہنر کا مظاہرہ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ سنگرونی پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث اس وقت تقریباً یہاں دو فٹ برف جمع ہے۔
محکمہ یوتھ سرورسز اینڈ اسپورٹس کی جانب سے سنو کرکٹ، ٹگ آف وار، سنو رن سمیت دیگر کئی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں مقامی بچوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ کھیل مقابلوں کے دوران کھلاڑی پرجوش نظر آئے۔ کھلاڑیوں نے منتظمین کی ستائش کرتے ہوئے مسقبل میں اس طرح کے انعقاد کی امید ظاہر کی تاکہ کھیل مقابلوں کے دوران پنہاں صلاحیتوں کو تلاش کر انہیں ایک بہتر پلیٹ فراہم مہیا کیا جا سکے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقابلے میں شریک کھلاڑیوں نے کہا: ’’سنگرونی علاقے میں پہلی مرتبہ اس طرح کے کھیل مقابلے کا انعقاد خوش آئند ہے۔ اس طرح کے کھیل مقابلوں سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور اس طرح کے مقابلوں کے دوران ہی پنہاں ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آتا ہے۔‘‘ کھلاڑیوں نے مزید کہا کہ کھیل مقابلوں سے نہ صرف کھلاڑی ذہنی و جسمانی طور تندرست رہتے ہیں بلکہ وہ سماج دشمن سرگرمیوں سے بھی دور رہتے ہیں۔