ترال( پلوامہ): مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال کے پنگلش نامی گاؤں میں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے گھنٹوں کی مشقت کے بعد ریچھ کو ٹرانکولائز کرکے قابو میں کیا۔ ریچھ کے پکڑے جانے کے بعد مقامی باشندوں نے راحت کی سانس لی۔
اطلاعات کے مطابق ریچھ کی موجودگی کے حوالے سے پنگلش کے مقامی لوگوں نے وائلڈ لائف محکمے کو چند روز قبل مطلع کیا تھا جس کے بعد محکمے نے وہاں ایک پنجرہ نصب کیا۔ درمیانی شب دوران ریچھ پنجرے میں پھنس گیا،جس کے بعد مقامی لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ جب صبح یہ خبر پھیلی تو لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ریچھ کو دیکھنے کے لیے وہاں کا دورہ کیا اور محکمہ وائلڈ لائف کا شکریہ ادا کیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ ریچھ کی موجودگی سے علاقے میں لوگ محصور ہو کر رہ گئے تھے اور وہ اپنے باغات میں جانے سے کترا رہے تھے،جبکہ خواتین اور بچے تو،گھروں کے اندر سہم کر رہ گئے تھے ۔ انہوں نے حکام سے ریچھ کو دور کسی محفوظ مقام پر چھوڑنے کی گزارش کی۔ گاؤں میں کام کر رہے غیر ریاستی مزدوروں کا کہنا تھا کہ ان کو باغات میں کام کرنے کے لیے بولا جاتا تو وہ جانے سے گھبرا جاتے لیکن اب ان کا ڈر دور ہوگیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گاؤں میں کئی اور ریچھ دھڑلے سے گھوم رہے ہیں جن کو قابو کرنا وقت کی ضرورت ہے۔