ترال:جنوبی کشمیر کے معروف سیاحتی مقام شکارگاہ ترال میں آج وائلڈ لائف محکمے کی جانب سے وائلڈ لائف کا عالمی دن کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں کئی سرکاری اسکولی بچوں کی اچھی تعداد نے شرکت کی، جبکہ وائلڈ لائف وارڈن براے شوپیان و پلوامہ انتصار سہیل اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود رہے۔
اس دوران بچوں کو جنگلی جانوروں کے تحفظ کے حوالے سے مفصل جانکاری دی گئی۔اپنے خطاب میں انتصار سہیل نے بتایا کہ جنگلی حیات ہمارے قدرتی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے کیونکہ وہ صحت مند ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری قدرتی دنیا مختلف انواع کے درمیان تعامل کے ایک پیچیدہ نظام پر مشتمل ہے۔ کسی ایک انواع کا نقصان یا زوال اس توازن میں خلل ڈال سکتا ہے اور اس کے خطے میں دیگر جانوروں کے لیے دیرپا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
پروگرام کے دوران ایک صفائی مہم بھی چلائی گئی، جس میں وائلڈ لائف ملازمین اور اسکولی بچوں نے علاقے میں موجود کوڑا کرکٹ ہٹا کر صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا۔