پلوامہ (جموں و کشمیر) :وادی کشمیر میں جہاں منشیات کی وبا ہر گزرتے دن کے ساتھ پھیل رہی ہے وہیں منشیات کا قلع قمع کرنے کے لیے ان دنوں وادی کے اطراف واکناف میں پولیس اور میونسپل کمیٹیاں خود رو (جنگلی) بھنگ کو تباہ کرنے کی مہم چلا رہی ہے۔ منشیات خاص کر خود رو بھنگ کے خلاف کی جانے والی ان کارروائیوں کا مقامی باشندے بھی بڑھ چڑھ کر ساتھ دے رہے ہیں۔
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں اونتی پورہ پولیس نے بھنگ کے خلاف مہم میں تیزی لاتے ہوئے پی ڈی اونتی پورہ میں سڑکوں کے کناروں سمیت دیگر اراضی پر خود رو جنگلی بھنگ کو تباہ کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ مہم میونسپل کمیٹی کے ایس ڈی پی او ممتاز علی بھٹی کی نگرانی میں شروع کی گئی جس دوران کئی دہیات میں پھیلی اس بھنگ کی کاشت کو بڑے پیمانے پر تہس نہس کیا گیا۔ اس مہم میں حکام نے لاٹھیوں کے ساتھ ساتھ کٹر کے ذریعے بھی خودرو بھنگ کی کاشت کو تباہ کیا تاکہ سماج دشمن عناصر اس کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال نہ کر سکیں۔ مقامی لوگوں نے پولیس اور میونسپل کمیٹی کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم کو اچھی پہل قرار دیتے ہوئے ’’اس مہم مستقبل میں بھی جاری‘‘ رکھنے کی خواہش ظاہر کی۔