ترال:جنوبی کشمیر میں ترال علاقے کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے تاہم گزشتہ تین دہائیوں کے نامساعد حالات نے اس علاقے کو تعمیر و ترقی سے پیچھے رکھا ہے جسکی وجہ سے اس علاقے میں آج بھی بہت سے دیہات بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ اس دور میں بھی متعدد بستیوں کے اندر بجلی کی سہولت دستیاب نہیں تھی تاہم اب انتظامیہ نے ان بستیوں کو روشن کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ جہاں گذشتہ ماہ گرپل ستورہ میں پہلی مرتبہ بجلی بحال کی گئی، وہیں اب ٹاون سے محض دو کلومیٹر دور گجر بستی بجہ ونی کو بھی برقی رو فراہم کی گئی ہے، جس کے بعد اس بستی کی گذشتہ بارہ سالوں کی دیرینہ مانگ پوری ہوگئی۔
اس ضمن میں اے ڈی سی ترال کی ذاتی مداخلت اور محکمہ بجلی کے اقدامات کے بعد گزشہ روز اس بستی کو بجلی سپلائی فراہم کی گئی اور اس طرح پہلی بار ان کے گھر بجلی سے روشن ہوئے مقامی لوگوں نے بجلی سپلائی بحال ہونے پر اے ڈی سی ترال شبیر احمد رینہ کے ساتھ ساتھ محکمہ بجلی کا شکریہ ادا کیا جن کی سنجیدہ کوششیں رنگ لائی ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتطامیہ کے ساتھ ساتھ ای ٹی وی بھارت کی ان کوششوں کو بھی سلام کیا ہے جن کی بدولت یہ معاملہ انتطامیہ کی نوٹس میں آیا۔