پلوامہ:وکست بھارت سنکلپ یاترا کے دوران سرکاری اسکیموں کے بارے میں عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے علاوہ ان سے استفادہ کرنے کے طریقہ کار بھی سکھائے جا رہے ہیں۔ وہیں اس مہم کو پوری طرح سے کامیاب بنانے کی غرض سے قور لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقین بنانے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں ہفتہ کو جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں پنچایت حلقہ ٹہاب میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت محکمہ فلوریکلچر، پارکس اور باغات، جموں و کشمیر کے انتظامی سیکریٹری شیخ فیاض احمد نے کی۔
تقریب کا آغاز مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کے جامع معائنہ کے ساتھ ہوا۔ اور اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ریکارڈ شدہ پیغام بھی سنایا گیا۔ اس موقع پر ’’میری کہانی میری زبانی‘‘ جذبے کے تحت، مختلف سرکاری اسکیموں سے استفادہ کرنے والے مقامی باشندوں نے اپنے تجربات شیئر کیے اور حکومتی اسکیموں سے ان کی زندگیوں میں رونما ہوئے مثبت پہلوؤں پر بات کی۔