پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے قصبہ اونتی میں پورہ میں ’’وکست بھارت سنکلپ یاترا‘‘ کے حوالے سے منگل کو ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت اے ڈی سی اونتی پورہ، ظفر حسین شال نے انجام دی۔ اس دوران مقامی لوگوں اور اسکولی بچوں کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ سرکاری ملازمین نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران مختلف سرکاری اسکیموں کے بارے میں شرکاء کو جانکاری دی گئی۔ جبکہ تقریب میں موجود مقررین نے موضوع کے حوالے سے اپنے تاثرات پیش کئے۔ ادھر، مختلف محکموں کی جانب سے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے جن کے ذریعے لوگوں کو سرکاری اسکیموں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا رہی تھی۔ پروگرام میں اسکولی بچوں کی جانب سے ثقافتی پروگرامز بھی منعقد ہوئے جس میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو انعامات سے نوازا گیا۔ پروگرام کے دوران مقررین نے مجموعی ترقی کو فروغ دینے میں وکست بھارت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔