ضلع پلوامہ میں ترال کے نورپورہ علاقہ میں گزشتہ روز مٹی کے تودے کے زد میں آنے سے تین خانہ بدوش افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس خبر کے بعد سے علاقے میں غم کا ماحول ہے، اسی سلسلے میں آج لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے سوگوار اہل خانہ کے تئیں تعزیت پیش کیا۔
اس موقع پر بی جے پی پلوامہ کے ایس ٹی مورچہ کے سیکریٹری عبدل رشید گوجر نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ غمزدہ لواحقین کو راشن کی بوریاں تقسیم کیں اور ان کی یقین دہانی کرائی کہ حکومت انہیں کسی بھی طرح تنہا نہیں چھوڑے گی۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے عبدل رشید نے کہا کہ ' یہ قدرتی آفت تھی اور اس میں انسانی جانوں کا ضائع ہونا افسوس ناک ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بے گھر بکروالوں کو سرکاری زمین آلاٹ کی جائے تاکہ وہ آرام و سکون سے اپنی زندگی گزار سکیں۔
اس دوران اپنی پارٹی کے لیڈر اور ڈی ڈی سی ممبر اوتار سنگھ ترالی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اوتار سنگھ نے بھی لواحقین راشن اور نقدی دی۔
اس دوران سماجی کارکن اور گجر بکروال کانفرنس کے جنرل سیکریٹری چودھری یاسین پوسوال نے بھی نورپورہ جاکر دلخراش واقعے میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے یاسین پوسوال نے بتایا کہ اگر سرکار پناہ گزین کی بازآباد کاری کےلیے بیانات دے رہی ہے تو حکومت بے گھر گجر بکروال لوگوں کی بازآباد کاری کے لیے کیوں اقدامات نہیں اٹھا رہی ہے۔ کیونکہ یہ طبقے آج تک زبوں حالی کا شکار ہے۔ انھوں نے گزشتہ روز ہوئی شدید برفباری میں میوہ باغات کو ہوئے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایل جی انتظامیہ سے متاثرین کے لیے معقول مالی معاونت کی اپیل کی ہے۔