پلوامہ:جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال کے عازمین حج کے لیے ضلع انتظامیہ پلوامہ نے ترال سب ضلع اسپتال میں ٹیکہ کاری (ویکسینیشن) کا پروگرام منعقد کیا جس میں رواں برس سفر محمود پر جانے والے عازمین کو ٹیکے لگائے گئے تاکہ وہ حج کے ارکان اچھی طرح ادا کر سکیں۔ عازمین حج نے ٹیکہ کاری کے پروگرام کو احسن ڈھنگ سے منعقد کرنے پر منتظمین، خاص کر محکمہ صحت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’’جس طرح سے سب ضلع انتظامیہ نے اقدامات کیے ہیں وہ قابل تحسین ہیں اور ہم سبھی افراد کے لیے سفر محمود کے دوران دعا گو رہیں گے۔‘‘
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کمیونٹی ہیلتھ آفیسر، منظور احمد، نے بتایا کہ ’’ٹیکہ کاری کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں اور پورا عملہ اس ضمن میں انہماک سے کام کر رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’وزارت صحت کی جانب سے جاری کی گئی گائیڈ لائنز کے مطابق ہی عازمین کو ٹیکہ لگانا ضروری ہوتا ہے تاکہ سعودی عرب کی آب و ہوا میں انہیں کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘