پلوامہ (جموں و کشمیر) :چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) پلوامہ نے ایک نجی کوچنگ سنٹر میں درس و تدریس کی خدمات انجام دینے والے دو سرکاری اساتذہ کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیف ایجوکیشن آفیسر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ کے مطابق ان (معطل کیے گئے اساتذہ) کے خلاف باقاعدہ آن لائن/آف لائن شکایات موصول ہوئی تھی جس کے بعد ایک مانیٹرنگ ٹیم کو نامزد کیا گیا جنہوں نے انویسٹی گیشن کی اور ان کی رپورٹ کے مطابق دو گورنمنٹ ٹیچرس پرائیویٹ کلینک میں تدریسی خدمات انجام دے رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پلوامہ میں واقع ’’ایس سی آئی‘‘ نامی ایک نجی کوچنگ سینٹر میں 18 مئی کو چھاپے کے دوران دو گورنمنٹ ٹیچرز کو سروس رولز کی صریح مخالفت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے سختی سے منع کرنے اور بار بار ہدایت نامہ جاری کرنے کے باوجود دو گورنمنٹ ٹیچرز کو نجی کوچنگ سنٹر میں درس و تدریس کی خدمات انجام دیتے ہوئے پایا گیا۔ مانیٹرنگ ٹیم نے تحریری طور محکمہ تعلیم کو مطلع کیا جنہوں نے ان اساتذہ کو معطل کرنے کے احکامات صادر کیے۔