پلوامہ (جموں و کشمیر) :پلوامہ ضلع کے گورنمنٹ ڈگری کالج ترال میں سینٹرل بیورو آف کمیونیکیشن، وزارت اطلاعات کی جانب سے دو روزہ ملٹی میڈیا نمائش کا اہتمام کیا گیا جس کا افتتاح اے ڈی سی ترال شبیر احمد رینہ نے کیا۔ نمائش میں درجنوں طلبہ اور آنگن واڑی ورکروں نے شمولیت کی۔ منتظمین کے مطابق نمائش کا مقصد مرکزی حکومت کی فلیگ شپ اسکیموں کے بارے میں عوام کو آگاہی فراہم کرنا تھا۔ استقبالیہ خطبے میں شاہد محمد لون، فیلڈ پبلسٹی آفیسر، سی بی سی، اننت ناگ نے مہمانوں کو جموں و کشمیر میں سی بی سی کے مینڈیٹ اور سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی۔
انہوں نے بتایا کہ سی بی سی کے فیلڈ دفاتر مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دور دراز، دیہی اور سرحدی علاقوں میں حکومت کی عوامی فلاحی اسکیموں کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پھیلانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو با اختیار بنانے کے لیے لوگوں کو آگاہ کرنا ہوگا اور ان اسکیموں کی کامیابی کا انحصار عوامی بیداری پر ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال شبیر احمد رینہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’ہم اپنی تاریخ کو بھلانے کے متحمل نہیں ہو سکتے اور امرت مہوتسو ہمارے شاندار ماضی کی یاد دہانی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم آزادی پسندوں کی لاتعداد قربانیوں کی وجہ سے ایک آزاد قوم میں سانس لے رہے ہیں۔‘‘