ترال: جہاں ایک طرف ایل جی انتطامیہ دہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے آئے روز اعلانات کر رہی ہے، وہیں جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال کا دور افتادہ گاؤں زراڈی ہارڈ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ بنیادی سہولیات مقامی آبادی آج بھی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق گاؤں میں اگرچہ سڑک رابطے پر کام شروع کیا گیا، لیکن کام انتہائی ست رفتاری کا شکار ہے، جسکی وجہ سے لوگوں کو دقتوں کا سامنا ہے۔
وہیں گاؤں میں پینے کے پانی کی قلت اور بجلی کٹوتی نے عام لوگوں کو گوناگوں مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق رمضان المبارک کے اس مبارک مہینے میں سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگ پریشان ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق گاؤں کی پسماندگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گاؤں کی خواتین پنیے کے لیے پانی دور درار نالے سے لانے پر مجبور ہیں۔ مقامی لوگوں کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کے موقع پر سیاستدان ان کے ساتھ وعدے تو کرتے ہیں، لیکن بعد ازاں وہ اس جانب توجہ نہیں دیتے۔ زراڈی ہارڈ کے مقامی لوگوں نے ایل جی منوج سنھا سے گاؤں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے، تاکہ لوگ راحت کی سانس لے سکیں۔