ضلع پلوامہ میں قصبہ ترال کے خانہ گنڈ، آری پل کی آبادی نے ہفتہ کو ’تنگ آمد بہ جنگ آمد‘ کے مصداق سڑکوں پر نکل کر محکمہ بجلی کے خلاف خاموش احتجاج کیا۔
مظاہرین نے محکمہ بجلی اور ضلع انتظامیہ کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے علاقے کو بلا خلل بجلی کی سپلائی یقینی بنانے کی مانگ کی۔
خانہ گنڈ، ترال میں محکمہ بجلی کے خلاف خاموش احتجاج مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ وہ سنہ 2016سے بجلی سے محروم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انکے ’’احتجاج کے بعد ضلع انتظامیہ کی جانب سے بجلی فراہم کرنے کی یقین دہانی کے بعد چند مقامات پر پول نصب کرنے کے علاوہ ٹرانسفارمر بھی نصب کیا گیا، تاہم بجلی کا ابھی تک علاقے میں نام و نشان بھی نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ڈی سی پلوامہ کی یقین دہانی کے بعد ایک نجی کمپنی نے علاقے میں پول نصب کیے تاہم کام کو ادھورا چھوڑ دیا گیا اور علاقہ ابھی بھی بجلی کی سپلائی سے محروم ہے۔
انہوں نے اس ضمن میں ضلع انتظامیہ اور محکمہ بجلی کو علاقے میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی اپیل کی۔