ضلع پلوامہ کے قصبہ ترال کے بالائی علاقوں میں گزشتہ دنوں بادل پٹھنے سے آئی طغیانی کے سبب لام علاقے میں تین عارضی پل ڈہہ گئے تھے۔ رابطہ پلوں کے ڈہہ جانے کے سبب لام علاقے کے آس پاس رہائش پذیر لوگوں کو رابطہ سہولیات میسر نہ ہونے سے دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ رابطہ پلوں کو ہوئے نقصان کے باعث سوئی ناڑ، دیدار پورہ، ززبل اور نزدیکی گجر پتی کے باشندے گھروں کے اندر ہی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
سوئی ناڑ کے نمبردار نے بتایا کہ حالیہ دنوں آئے سیلاب سے عارضی پل ڈہہ جانے کے علاوہ علاقے میں بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’انتظامیہ تساہل پسندی سے کام لے رہی ہے۔‘‘